فرانس میں Human Appeal کے زیر اہتمام ’’روشنی کی آواز‘‘ کے نام سے غزہ کی حمایت میں میوزک کنسرٹ

پیرس ( صاحبزادہ عتیق) فرانس میں بین الاقوامی سماجی اور فلاحی تنظیم  Human Appeal نے  ‘‘ روشنی کی آواز‘‘ کے نام سے غزہ کی حمایت میں ایک شاندار میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا۔ ممتاز گلوکار خالد بلروزی ، ترک گلوکار میسوٹ کرٹس اور ایوارڈ یافتہ جدید اسلامی موسیقی میں سب سے بڑے ستاروں میں سے ایک مہر زین جن کی پہلی البم Thank You Allah   مضبوط مسلم مذہبی بیداری کے اثرات کے ساتھ ایک بہت کامیاب البم شمار کی جاتی ہے، نے بھی شرکت کی۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ HUMAN APPEAL کے ڈائریکٹر کامل زین نے غزہ میں جنگ کی تباہ کاریوں کے شکار فلسطینیوں کی حالت زاربیان کی اور انکی فوری امداد کے لئے اقدامات میں حصہ لینے پر زور دیا۔ ممتاز گلوکار خالد بلروزی نے اپنی سریلی آواز میں مذہبی گیتوں سے حاضرین کو گرمایا۔ ایوارڈ یافتہ گلوکار مہر زین کاہال میں موجود تین ہزار لوگوں نے کھڑے ہوکرپرجوش استقبال کیا۔ حاضرین میں بچے، بوڑھے ، فیمیلیزاور نوجوان طلباء و طالبات کی اکثریت تھی، مہر زین کے گیتوں پر جھومتے رہے۔ وقت نیوز کے ایک سوال کے جواب میں مہر زین نے بتایا کہ وہ صرف عرب مسلم کمیونٹی کیلئے ہی نہیں بلکہ پاکستان ، کشمیر ، افغانستان اور غیر مسلموں کی امداد کیلئے بھی پروگرام کرتے ہیں اور کرکٹرسٹار شاہد آفریدی کے ساتھ انگلینڈ میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے بھی پروگرام کئے۔ مہر زین کے دورہ فرانس میں  94000 یورو کے عطیات جمع ہوئے۔ مہر زین کا فرانس میں پہلامیوزک کنسرٹ مدتوں یاد رکھا جائے گا۔