ایران کو دہشت گردوں کی مدد اور جوہری توانائی کے حصول سے ہر قیمت پر باز رکھا جائے گا: امریکہ

ایک عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزان رائیس نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی امریکی اتنظامیہ ایران کے جوہری پروگرام سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ایران کو جنگی مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی کے حصول سے ہر قیمت پر روکا جائے گا اور اس مقصد کے لیے براہ راست مذاکرات سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو تہران کی جانب سے دہشت گردوں کی مدد پر تشویش ہے اس حوالے سے اس پر دباؤ ڈالا جائے گا ۔ دوسری جانب ایران نے امریکی سفیر کے بیان کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وائٹ ہاؤس تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے ۔ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر محمد خزاعی نے اپنے جاپانی ہم منصب یوکیو تاکاسو کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ امریکی صدر باراک حسین اوبامہ کی مذاکرات کی خواہش قابل قدر ہے تاہم وائٹ ہاؤس کو الزام تراشی کا راستہ ترک کرنا ہوگا۔