کشمیر میں مظالم پر غصے میں ٹوئٹس کیں بھارتیوں سے معذرت خواہ ہوں:مارک انور تحقیقات شروع کر دی:برطانوی پولیس
لندن (اے ایف پی) بھارت مخالف ٹوئٹس پوسٹ کرنے پر مشہور برطانوی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’’کورونیشین سٹریٹ‘‘ سے برطرف کئے گئے پاکستانی نژاد اداکار مارک انور نے بھارتیوں کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر معذرت کر لی۔ 45 سالہ مارک 2014ء سے دنیا کے سب سے طویل ٹی وی ڈرامہ میں شامل ہوئے تھے۔ مارک نے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں کہا میرے ٹوئٹس سے جس کا بھی دل دکھا میں اس سے معذرت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا میرا ارادہ یہ نہیں تھا۔ زبان ناقابل قبول تھی۔ میرے خیال میں میں نے اپنے خاندان، دوستوں اور پرانے ساتھیوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ میں نے جمعہ کے روز خبروں میں دیکھا بچوں کو ملبے سے نکالا جا رہا ہے، لوگوں کو پیلٹ فائرنگ سے چھلنی کیا جا رہا ہے، اپنے مرنیوالوں کی میتوں پر کشمیری خواتین رو رہی ہیں۔ یہ سب دیکھ ک ر میں نے ٹوئٹر پر اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔ کشمیریوں کیلئے میرے احساسات خلوص پر مبنی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مارک انور کیخلاف مبینہ طور انڈیا مخالف نسل پرستانہ ٹویٹس کرنے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پیر کے روز گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا کہ انہیں نفرت انگیزی یا ہیٹ کرائم کے بارے میں رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔