پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن سمیت 6 جماعتوں کا مقررہ وقت پر انتخابات کرانے پر اتفاق


لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے اتفاق کیا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ نگران حکومتوں کا قیام دسمبر سے مارچ کے درمیان عمل میں آ جائے گا۔ انتخابات مئی 2013ءتک ہو جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے نوائے وقت سے گفتگو کرت ہوئے کہا الیکشن کو ملتوی کئے جانے کا بھی کوئی امکان نہیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خاں نے کہا نواز شریف واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ انہیں حکومت سمیت کسی بھی فریق کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی کوئی کوشش نظر نہیں آ رہی اور الیکشن بروقت ہوں گے۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چودھری نے کہا اب الیکشن کے التوا کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی مرکزی رابطہ کمیٹی کے ممبر افتخار اکبر رندھاوا نے کہا الیکشن ملتوی کئے جانے کی خبریں طالبان کے پیروکاروں کی طرف سے آئی ہوئی ہیں وگرنہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اس امکان کو رد کر دیا کہ الیکشن لٹک جائیں گے۔