وٹو کی پالیسیاں (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کیلئے سیاسی قاتل ثابت ہوں گی: مانیکا


لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب فاروڈ بلاک کے بانی میاں عطاءمحمد مانیکا نے کہا ہے کہ میاں منظور وٹو کی پالیسیاں (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کیلئے بھی سیاسی قاتل ثابت ہوں گی‘ منظور وٹو خود کو جبکہ چوہدری کسی اور کو وزیر اعلی بنوانا چاہتے ہیں اور یہی لڑائی دونوں جماعتوں کو لے ڈوبے گی‘ پنجاب میں (ن) لیگ مضبوط ضرور ہے لیکن پیپلز پارٹی کی چالاکیوں سے شریف برادران کو ہوشیار رہنا ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عطاءمحمد مانیکا نے کہا ہے کہ منظور وٹو انتہائی چالاک سیاستدان ہیں وہ پیپلزپارٹی میں بھی اقتدار کیلئے گئے اور اب ان کا اگلا ٹارگٹ پنجاب کی وزارت اعلی ہے اور آئندہ انتخابات کے بعد منظور وٹو کی پالیسی دیکھ کر (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کی بھی آنکھیں کھل جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب میں (ن) لیگ انتہائی مضبوط ہے لیکن اس کے باوجود شریف برادران کو منظور وٹو کی چالاکیوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔