عوام صرف انتخابات چاہتے ہیں، اس سے ہی مسائل حل ہوں گے: ظفر علی شاہ


اسلام آباد (وقت نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ظفر علی شاہ کا کہنا ہے عوام اس وقت صرف انتخابات چاہتے ہیں اس کے بعد ہی تمام مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما اسرار شاہ اور (ق) لیگ کے رہنما اجمل وزیر خان نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر ظفر علی شاہ کا کہنا تھا پورا پاکستان اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس سے انتخابات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اجمل وزیر خان کا کہنا تھا پاکستان کا کوئی شہر اس وقت دہشت گردی سے محفوظ نہیں۔ یہ سسٹم کی ناکامی ہے، پورا سسٹم تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں الیکشن کمپین بھی نہیں ہو سکتی اور نہ ہی ووٹرز پولنگ سٹیشن پر ووٹ ڈالنے آئیں گے۔ پولیٹیکل لیڈر شپ کی ذمہ داری ہے کوئی حل نکالیں۔ اسرار شاہ کا کہنا تھا دہشت گردی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں لیکن اقتدار میں بیٹھی جماعت اس کو سنجیدہ لینے کے لئے تیار نہیں۔ قوم حکومت سے بہت ناامید ہو چکی، اسی لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے۔