شام : کھیل کے میدان پر کلسٹر بم گرا دیا‘ 10 بچے جاں بحق‘ باغیوں نے ائر بیس کا کنٹرول سنبھال لیا


دمشق/ ماسکو/ انقرہ (نیوز ایجنسیاں) باغیوں نے دمشق کے قریب ایک ائربیس کا کنٹرول سنبھال لیا تاہم جھڑپ میں 15باغی اور 8فوجی ہلاک ہو گئے۔ مرج السلطان ائربیس پر قبضہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق باغیوں نے ایک ٹینک اور 2ہیلی کاپٹر چھین لئے جبکہ 3ہیلی کاپٹروں کو تباہ کر دیا۔ ادھر دمشق کے قریب گاﺅں دارالاصفر میں جنگی طیارے کے کلسٹر بم حملے میں گراﺅنڈ میں کھیلتے ہوئے 10بچے جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے۔ ماﺅں نے گریہ زاری کی۔ عینی شاہدین کے مطابق 2کلسٹر بم گرائے گئے، یہاں تو کوئی باغی موجود نہیں تھا، باغیوں نے حلب میں چوکیوں پر حملے کئے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق درعا میں کارروائی کے دوران القاعدہ سے تعلق رکھنے والے متعدد نشانہ بازوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اے پی پی کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ ترکی کی جانب سے شام کی سرحد کے قریب پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب سے خطہ میں مسائل جنم لیں گے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر علی لاریجانی نے کہاکہ ترکی کی جانب سے شام کی سرحد پر پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب کے منفی اثرات برآمد ہوں گے۔ اےن اےن آئی کے مطابق ایران نے شامی سرحد پر ترکی کی جانب سے پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب پر انقرہ کو خبردار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے شام کی خانہ جنگی کا دائرہ مزید وسعت اختیار کر سکتا ہے۔ غےرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی مجلس شوریٰ کے چیئرمین علی لاری جانی نے شام، لبنان اور ترکی کے دورے سے واپسی پر تہران میں صحافیوں کو بتایا کہا کہ ایران کو شامی سرحد پر پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب پر گہری تشویش ہے۔ ایران کی جانب سے پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب پر موقف سامنے آنے کے بعد ترک وزیر خارجہ احمد داد اوگلو کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے۔ اوگلو کا کہنا ہے کہ شام کی سرحد پر پیٹریاٹ میزائلوں کی تنصیب محض دفاعی نقطہ نظر سے کی گئی ہے، امید ہے ان کے استعمال کا موقع کم ہی آئے گا۔ شامی اپوزیشن اتحاد کو تسلیم کرنے پر روس نے فرانس پر تنقید کی ہے۔ لبنان میں ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے ایک بیان میں کہا شام میں خونریزی کے سبب لاکھوں افراد ملک چھوڑ کر چلے گئے۔