جماعت اسلامی نے مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف سے اتحاد کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا


اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جماعت اسلامی نے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی کے درمیان رمضان المبارک کے اواخر میں مذاکرات کا پہلا دور ہو چکا ہے تاہم اس کے بعد مزید پیش رفت نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مذاکراتی کمیٹی جو اقبال ظفر جھگڑا، خواجہ سعد رفیق پر مشتمل ہے نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جماعت اسلامی نے ان حلقوں کی نشاندہی کر دی ہے جن میں اس کی دلچسپی پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد نوازشریف نے رواں ہفتے کے دوران جماعت اسلامی سے انتخابی اتحاد کا عندیہ دیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جماعت اسلامی کی قیادت سے دوبارہ رابطہ قائم نہیں جماعت اسلامی پاکستان کے پاس تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد کا آپشن موجود ہے۔ جماعت اسلامی میں انتخابی اتحاد کے ساتھ آرا پائی جاتی ہیں۔ تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کرے گی۔ جماعت اسلامی کا ایم ایم اے کی بحالی میں دلچسپی نہیں لے رہی۔ جماعت اسلامی ایم ایم اے میں دوبارہ شامل نہیں ہو گی۔