مرسی کو سزا پر تنقید: مصر میں پاکستانی ناظم الامور کی طلبی، سفیر بھی بلا لیا
قاہرہ (اے ایف پی+ آئی این پی ) مصر نے معزول صدر مرسی کو سزائے موت سنائے جانے کیخلاف پاکستان کی تنقید پر پاکستانی ناظم الامور کو طلب کر لیا ہے۔ مصری وزارت خارجہ کی جانب سے سفارتی امور کے ناظم اعجاز کی طلبی کے ایک روز بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ مصر کے داخلی معاملات میں مداخلت سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ 16 مئی کو مرسی اور دیگر 100 افراد کو 2011ء کے عرب سپرنگ کے دوران جیل توڑنے میں کردار پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے 19 مئی کو جاری بیان میں کہا تھا کہ انصاف کے معاملات میں مساوات اور شفافیت کو مدنظر رکھا جانا چاہئے اور یہ بات اس وقت مزید اہم ہو جاتی ہے جب سابق منتخب صدر جس کو معزول کر دیا گیا ہو کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہو۔ دریں اثنا عرب میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مصر کی حکومت نے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان سے مصر پہنچیں۔ قبل ازیں اسلام آباد میں جب دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔