صدر اوباما نے جنوبی ورجینیا میں سیلاب کو آفت قرار دیدیا

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر بارک اوباما نے ریاست ویسٹ ورجینیا میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 24 ہلاکتوں کے بعد اسے آفت قرار دیا ہے۔ ریاست کے گورنر ارل رے ٹومبلن نے کہا ہے کہ شدید طوفان اور سیلاب نے ریاست بھر میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صدر اوباما نے سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امداد روانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔‘ ریاست کی 55 میں سے 44 کاؤنٹیز میں ناگہانی صورت حال کا اعلان کیا گیا ہے اور تین زیادہ متاثر ہونے والی کائنٹیز میں امداد بھجوائی جا رہی ہے۔ سیلاب سے 100 سے زیادہ گھر تباہ جب کہ طوفان سے 32 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ طوفان اور شدید بارش کے سبب ریاست کے بہت سے علاقوں میں نو انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور حکام کو خدشہ ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران انھیں مزید افراد بھی مل سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق سیلاب سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے، 100 سے زیادہ گھر تباہ جب کہ طوفان سے 32 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔