سعودی فرمانروا کی دعوت پر عمرہ کی ادائیگی کیلئے مختلف ممالک کی 100 شخصیات پہنچ گئیں
ریاض (اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین عمرہ پروگرام کے تحت مسلمان ملکوں کی 100 اہم شخصیات کے عمرہ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی مہمانوں کو عمرہ کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔خادم الحرمین الشریفین عمرہ پروگرام کے تحت عمرہ کی ادایئگی کے لیے برصغیر، جنوب مشرقی ایشیا، بلقان ریاستوں اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت کل 22 ملکوں سے 100 شخصیات سعودی عرب پہنچ چکی ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے ہر سال عمرہ اور حج کے سیزن میں مسلمان ممالک کی دلجوئی اور اتحاد امت کے لیے مسلمان شخصیات کو سرکاری خرچے پر حج اور عمرہ کی سعادت سے بہرمند کرایا جاتا ہے۔