چینی حکومت اپنے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مائل کر رہی ہے: لی فنگ

بیجنگ (آئی این پی ) حکومت چینی تاجروں کی پاکستانی کاروباری برادری سے قریبی رابطوں کیلئے حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اب بہت سے چینی شہری پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث پاکستان کا رخ کررہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں اور ہم اپنے اس برادر ملک میں زیادہ تحفظ اور سہولت محسوس کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ایک چینی تاجر تان شی نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا جبکہ ایک چینی ٹریول ایجنٹ کا کہناتھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سرکاری و نجی سطح پر سفر کی سہولتیں فراہم ہونے کے باعث ان کے کاروبا ر میں ایک دم اضافہ ہو گیا ہے ۔ایک چینی کمپنی کے چیف مارکیٹنگ آفیسر لی فنگ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت چینی کاروباری برادری کو پاکستان میں کاروبار کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مائل کررہی ہے ۔حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انہیں کاروبار کرنے کے لئے بہترماحول اور تعاون ملے گا۔