لارڈ نذیر نے پیلٹ سے زخمی کشمیریوں کے مفت علاج کیلئے بھارت سے اجازت مانگ لی
لندن (صباح نیوز) برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے پیلٹ گن سے زخمی ہونے والے کشمیریوں کے مفت علاج کے لئے بھارتی حکومت سے اجازت مانگ لی۔ لارڈ نذیر نے بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں آئی کیمپ لگانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لندن میں المصطفی ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق تاجک کے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عام شہری پیلٹ گن کی فائرنگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سینکڑوں شہریوں کی آنکھیں ضائع ہو چکی ہیں۔ تاہم ہزاروں کی تعداد میں ایسے زخمی بھی ہیں جن کے بروقت علاج سے ان کی آنکھوں کا نور واپس آ سکتا ہے۔