پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کا سندھ میں بلدیاتی الیکشن جنوری میں کرانے پر اتفاق ہو گیا دبئی مذاکرات کی اندرونی کہانی

دبئی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم وفد اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے لاتے ہوئے نجی ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی متحدہ کے وفود کے دبئی میں ہونیوالے مذاکرات کے دوران سندھ میں بلدیاتی الیکشنز جنوری میں کرانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی کو 6 اضلاع میں تقسیم نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے سابق صدر آصف زرداری کو پیپلز پارٹی کے رویئے کی شکایت کی۔ سابق صدر نے ملاقات کے دوران بیجنگ دورے پر گئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو فون کیا۔ آصف زرداری نے قائم علی شاہ کو متحدہ کی شکایت دور کرنے کی ہدایت کی۔ آصف زرداری نے متحدہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مفاہمت کی پالیسی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ الطاف حسین سچے پاکستانی ہیں۔ جلد لندن جا کر الطاف حسین سے ملاقات کرونگا۔