بادشاہت قید کے مانند ہے، تخت برطانیہ سنبھالنے کی جلدی نہیں: شہزادہ چارلس

لندن (ثناءنیوز)برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ایک ساتھی کے مطابق انہیں تختِ برطانیہ سنبھالنے کی کوئی جلدی نہیں کیونکہ پرنس آف ویلز کو خدشہ ہے کہ بادشاہت ان کے لیے ایک قید کی مانند ہوگی۔یہ بات امریکی جریدے ٹائم میں شہزادہ چارلس کی شائع ہونے والی پروفائل میں ایک گمنام فرد کے مطابق کہی گئی ہے۔ٹائم میگزین نے اپنے تازہ شمارے میں شہزادہ چارلس کی تصویر سرورق پر شائع کی ہے اور ان پر شائع ہونے والے مضمون میں شہزادے کے 50 دوستوں اور ساتھیوں سے بات کی گئی ہے۔شہزادہ چارلس آئندہ ماہ سری لنکا میں دولتِ مشترکہ سربراہ اجلاس میںملکہ برطانیہ کی نمائندگی کرنے والے ہیں۔وہ کئی دہائیوں سے ولی عہد کے منصب پر فائز ہیں اور اس دوران وہ اپنے خیراتی کاموں کے لیے مشہور رہے ہیں اور انہوں نے کئی خیراتی اداروں کی بنیاد رکھی ہے۔تاہم اب جبکہ ملک برطانیہ 87 برس کی ہو چکی ہیں تو پرنس آف ویلز کو ان کی سرکاری ذمہ داریوں میں بھی ہاتھ بٹانا پڑتا ہے۔ٹائم میگزین کے مطابق شہزادہ چارلس ان ذمہ داریوں سے زیادہ خوش نہیں اور وہ فکرمند ہیں کہ تخت کی ذمہ داریاں ان کے موجودہ کردار پر کیسے اثرانداز ہو سکتی ہیں۔پروفائل کے مصنف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہزادہ چارلس کے ساتھیوں کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ ’جیل کے دروازے‘ بند ہونے سے قبل وہ جتنا کام کر سکیں کر لیں۔شہزادہ چارلس نے اپنی جانشینی کے معاملے پر تو جریدے سے بات نہیں کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے چیزوں میں بہتری لانے اور مداوا کرنے کی خواہش رکھتے تھے۔اس مضمون کے مصنف کے مطابق شہزادے نے جریدے کو مستقبل کے بارے میں اپنی خواہشات اور خدشات کے بارے میں بتایا۔