سنندا کی موت کی تفتیش مکمل ہونے تک ششی تھرور کو کلین چٹ نہیں دے سکتے: پولیس کمشنر

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سننداپشکر کی موت کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا ،دلی پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کو فی الحال کلین چٹ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سنندا پشکر کی پراسرار موت پر پولیس نے بالآخر دو ماہ بعد خاموشی توڑ دی، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کمشنر بی ایس باسی نے بتایا کہ سنندا کی موت سے متعلق ملنے والے شواہد کا تمام زاویوں سے جائزہ لیا جارہا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے تک ششی تھرور کو کلین چٹ نہیں دی جاسکتی،کوئی حتمی بات تفتیش مکمل ہونے پر ہی کہی جا سکتی ہے،اور اس معاملے میں کسی کے بھی خلاف ایف آئی آر درج کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا ،گواہوں کے بیانات اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔ دوسری طرف میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا کہ سنندا پشکر کے بعض اعضا کے تجزیے سے کسی سکون آور دوا کے استعمال کے شواہد نہیں ملے ،تاہم ان کے معدے سے سکون آور دوا کے استعمال کے شواہد ملے تھے ،جس کی بنا پر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ سکون آور ادویات کے استعمال کو قرار دیا گیا تھا ،بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر 17جنوری کو ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔