بنارس: انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے حامیوں نے کجریوال پر انڈے پھینک دیئے

بنارس: انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے حامیوں نے کجریوال پر انڈے پھینک دیئے

نئی دہلی (اے پی اے) مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ریفرنڈم اور مسلمانوں کے حق میں بیانات دینے پر عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال بی جے پی کے حامیوں کے نشانے پر آ گئے۔ بنارس میں انتخابی مہم کے دوران مندر کے باہر نامعلوم شخص نے کجریوال اور ان کے حامیوں پر انڈوں کی بارش کر دی۔ تاہم وہ بچ گئے۔ کجریوال جہاں گئے ان کا استقبال سیاہ پرچموں سے کیا گیا لیکن بنارس کے باسیوں نے ذرا مختلف انداز اختیار کیا۔ کجریوال بنارس پہنچے تو پہلے گنگا پر نہائے لیکن بی جے پی کے حامیوں کو ان کی کوئی ادا بھاتی ہی نہیں۔ مندر سے باہر نکلے تو بی جے پی کے حامیوں نے ان کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران کچھ افراد نے ان پر انڈوں کی برسات کر دی۔ کجریوال گاڑی میں بیٹھ چکے تھے اس لیے بچ گئے اور انڈا ان کی گاڑی پر گرا لیکن ان کے حامیوں کا حشر نشر ہو گیا۔