سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں عید الفطر منائی گئی، عالم اسلام صفوں میں اتحاد پیدا کرے: شاہ سلیمان
ریاض/دبئی/ پشاور(آن لائن+نیٹ نیوز)دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ معتمرین نے حرم شریف اور مسجد نبویﷺمیں نماز عید ادا کی۔ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، اردن، فلسطین سمیت کئی خلیجی ممالک، مصر اور جاپان میں اتوار کو عید الفطرمنائی گئی ،جبکہ برطانیہ سمیت یورپ میں بعض مکاتب فکر کے افراد نے بھی اتوار کو عید منائی اور بعض آج پیر کو عید منائیں گے۔ عراق میں سنی اوقاف کی طرف سے اعلان کے مطابق اتوار کو عید الفطر منائی گئی اس کے علاوہ جاپان، انڈونیشیا، ملائیشیامیں بھی عید منائی گئی ۔پیرس کی جامع مسجد نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا تھا عمان میں چاند نظر نہ آنے پر آج عید کا پہلا دن ہوگا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ماہ صیام کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے پڑھ کرسنایا۔شاہ سلمان نے اپنے عید پیغام میں حمد ثناء کے بعد سعودی عوام اور شرق وغرب میں پھیلی پوری مسلم امہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں عالم اسلام پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے، رواداری کے کلچر کو عام کرنے، اسلامی معاشروں میں تعاون اور تکافل کو فروغ دینے، مظلوم کی حمایت کرنے، رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنے اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی۔دوسری جانب خیبر پی کے میں دو عیدوں کی روایت اس سال بھی برقرار رہی ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز عید منائی گئی۔ مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ مسجد مہابت خان اور کئی مساجد میں نماز عید الفطر ادا کی گئی۔ نماز عید کے اجتماعات میں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔ اے این پی کے سر براہ نے بھی چار سدہ کی مسجد غازی گل بابا میں نماز عید ادا کی ، اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔کراچی میں بوہری جماعت نے بھی اتوار کو عید الفطر منائی ، کراچی میں نماز عید کا مرکزی اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا۔