بھارت میں اسلام فوبیا کے نتیجے میں مسلمانوں پر تشدد ہورہا ہے: اسدالدین اویسی
نیویارک(کے پی آئی)بھارت کے مقبول مسلمان سیاستدان اوراے ائی ایم ائی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ بھارت میںاسلام فوبیا پھیل رہا ہے جس کے نتیجے میں مسلمانوں کے ساتھ مارپیٹ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ہریانہ میں چلتی ٹرین کے اندر 17سالہ نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ نفرت کا ماحول پیدا کیاگیا تھا۔ میں اس کو اسلام فوبیا ماحول قراردیتا ہوں۔جنھوں نے یہ اسلام فوبیا کا ماحول پید ا کیا وہی گائے ،مذہب اور داڑھی کے نام پر مسلمانوں کی ہونے والی شہادتوں کے ذمہ دارہیں۔ وہ عید کی خریداری کے بعد گھر جاتے مسلم نوجوان جنید کو ٹرین میں قتل کیے جانے پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔اویسی نے کہاکہ صدر جمہوریہ کے باوقار عہدے کے لئے بی جے پی کے پسندیدہ امیدوار رام ناتھ کوئند کا انتخاب ملک کو ہندوراشٹر بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔