کوہلو: سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد، مختلف شہروں سے 60گرفتار
کوہلو(آئی این پی+نوائے وقت نیوز) کوہلو کی تحصیل کاہان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کوہلو کی تحصیل کوہان کے علاقے مخی نالہ میں لیویز اور دیگر فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا۔ برآمد کئے جانے والے اسلحے میں ڈنگر مشین گن‘ 170 راﺅنڈز‘ 11 اینٹی ٹینک شکن مائنز سمیت 42 تھیلے بارودی مواد بھی شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا برآمد کیا جانے والا اسلحہ تخریب کاری کی بڑی کارروائی کے لئے استعمال کیا جانا تھا تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرکے اس منصوبے کو ناکام بنادیا۔دوسری طرف کوئٹہ اور پارا چنار میں دہشت گردی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن جاریہے جس میں 60 مشتبہ افراد گرفتار‘ اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ آئی این پی کیمطابق میانوالی کے علاقوں مکڑوال، چاپری اور پپلاں میں سرچ آپریشن کے دوران 23 افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔چنیوٹ سے 25، بھکر سے 9 جبکہ وہاڑی سے4افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کیا گیا۔بہاولپور اور منڈی بہاﺅ الدین میں کارروائی کے دوران 6افراد کو گرفتار کرکے شراب کی500 بوتلیں برآمد کرلیں گئیں۔