برطانیہ میں ریفرنڈم کا ووٹ عالمگیریت کے چیلنجز اور تبدیلیوں کے باعث ہے‘ اوباما

سلیکان ویلی(عترت جعفری) امریکہ کے بارک اوباما نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے نکلنے کے بعد بھی برطانیہ اور امریکہ کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔امریکہ انٹر پرینور شپ کی حمایت جاری رکھے گا۔ گلوبل انٹرپرینیور سمٹ میں روز گار بڑھانے اور کاروبار میں اضافہ کے طریقے تلاش کئے جائیں۔صدر اوبامہ نے ان خیالات کا اظہار گلوبل انٹرپرینیور سمٹ کے اختتامی سشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر امریکہ کی موجودگی میں چار بہترین ا نٹرپرینیور زکو انعامات دیئے گئے جبکہ صدر اوبامہ نے میزبان کی حیثیت سے فیس بک کے سربراہ اورتین کامیاب انٹر پرینور کے سربراہوں سے شرکاء کی موجودگی میں انٹر ویو کیا۔گلوبل سمٹ گذشتہ روز سلیکان ویلی میں اختتام پزیر ہو گئی ہے جبکہ آئندہ کانفرس بھارت میں ہو گی۔صدر اوبامہ نے کہا کہ برطانیہ میں یورپی یونین سے الگ ہونے کے ریفرنڈم کے بعد ان کی ڈیوڈ کیمرون اور جرمنی کی چانسلرسے بات ہوئی ہے۔برطانیہ عالمی سطح پر امریکہ کا اتحادی ہے وہ توقع کرتے ہیں کہ برطانیہ یورپی یونین سے نکلنے کے عبوری دور کو منظم انداز میں پورا کرے گا۔امریکہ اوراس کے یورپی اتحادی آئندہ ہفتوں میں وارسا میں نیٹو کے اجلاس میں شریک ہونے والے ہیں۔برطانیہ میں ریفرنڈم کا ووٹ عالمگیریت کے چیلنجیز اورتبدیلیوں کے باعث ہے۔برطانیہ کے یورپی یونین سے تعلقات میںتبدیلی آئے گی مگر امریکہ برطانیہ کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا سمٹ رہی ہے رابطے اور چیلنجز پیدا ہوئے ہیں۔امریکہ انٹر پرینور شپ کے ساتھ ہے۔ہمارے اندر سے آواز آ رہی ہے جو کچھ پکار رہی ہے ہم مختلف نسل یا مذہب یا نسل سے ہیں مگر جزبہ ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی کی زیادہ تعداد30سال کی عمر کی ہے۔ہر ایک کو صلاحیت کے مطابق کام کا موقع ملنا چاہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی وزیر تجارت پینی پیٹزکر نے کہا کہ صدر نے حکم کے ذریعے پیج پروگرام نافذ کیا ہے جو انٹرپرینور کے لئے ہو گا۔صدرر اوبامہ نے تین کامیاب انٹر پرینیور کے سربراہوں کو سٹیج پر بلا کر ان سے گفتگو کی ان میں مصر سے خاتون مدحت،پیرو سے مرین اور روانڈا سے یان باسکو شامل تھے۔عالمی مقابلہ کے بعدچار انٹر پرینیور کو انعامات دیئے گئے۔ان میںامریکہ سے سٹیفنی، تھائی لینڈ سے مسٹر نیل۔ جمیکا سے کینیا اور اسرائیل سے ایک فرد شامل تھے۔سٹیفنی نے شمسی پینل چھت پر لگائے بغیر بجلی پیدا کرنے،مسٹر نیل نے آرگینک رائس ،جمیکا کی خاتون نے بچوں کے لئے ویب ایپ اور اسرائیل کے نوجوان نے ٹچ فری سمارٹ فون بنایا ہے۔