چین، روس میں30 معاہدے: عالمی سٹریٹجک شراکت داری مستحکم کرنے پر اتفاق

بیجنگ (آئی این پی) چین اور روس کے مابین معیشت، تجارت، خارجہ امور، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، جدت، زراعت، مالیات، توانائی،میڈیا اور کھیل کے میدانوں سمیت باہمی تعاون کے 30معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی موجودگی میں دونوں ممالک کے اہم نمائندوں نے معاہدوں پر دستخط کئے۔دونوں ریاستوں نے عالمی سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ۔دونوں صدور کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مغرب سے کشیدگی کے باعث دوستی بڑھانے کا عزم کیا، عالمی دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام، جنوبی چینی سمندر میں استحکام اور شام کی صورتحال پر بات کی گئی۔ انفارمیشن اور سائبرسیس شعبہ میں تعاون کرینگے۔ پیوٹن نے کہا 50 ارب ڈالر کے 58 معاہدے کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں 21 میں ریلوے لائن تعمیر کرنے کا معاہدہ اس برس ہوگا۔ شی جن پنگ نے میڈیا کے شعبہ میں قریبی تعاون پر زور دیا۔