پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف رینجرز کو اختیارات دینا مسئلے کا حل نہیں: مصطفی کمال
کراچی (آن لائن+ آئی این پی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف رینجرز کو خصوصی اختیارات دینا مسئلے کا حل نہیں اگر ایسا ہوتا تو کراچی میں اب تک امن قائم ہوچکا ہوتا۔ پاکستان ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جنگ کا ماحول ہے، پاکستان میں خود کش دھماکوں کی لہرآئی ہے، ہرسانحہ کے بعد ایک نیا سانحہ ملتا ہے، قوم کی مائیں اپنے بچوں کی لاشیں اٹھا اٹھا کرتھک چکی ہیں، خدارا ان سانحات پر سرجوڑ کر بیٹھیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہی نہیں ہوا۔ پہلے نیشنل ایکشن پلان کے 18 نکات کو مکمل کیا جائے، اس کے بعد ہی کسی چیزمیں بہتری آسکے گی۔ رینجرزآپریشن دہشت گردی کا حل نہیں ہے، آنکھیں بند کرنے سے کوئی حل نہیں نکلے گا، کیا ان خود کش حملہ آوروں کو مارنے سے مسئلہ حل ہوجائے گا، آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ غلطی کہاں ہے، کیوں ہمارے ہی لوگ مرنے مارنے کو تیار ہیں، ہرجگہ رینجرز آپریشن سے بھارت میں بیٹھا دشمن خوش ہورہا ہو گا۔ دارالحکومت میں بیٹھ کرجو پلان بنایاجائے گا وہ کامیاب نہیں ہو سکتا، حکمران نکل کرٹاﺅنز میں نہیں جارہے، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ دشمن جہاں چاہتا ہے کارروائی کرتا ہے، امن کہاں ہے؟
مصطفٰی کمال