دہشت گردوں سے زیادہ انکے نظریاتی اتحادیوں کیخلاف آپریشن کی ضرورت ہے: ندیم چن
شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے زیادہ ان کے نظریاتی اتحادی سیاستدانوں کیخلاف ردالفساد آپریشن کی ضرورت ہے، پانامہ لیکس پر فیصلہ قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے، ملک میں ہونیوالی دہشت گردی اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف ابھی نہیں تو تاریخ ضرور حساب لے گی خود حکمران بلٹ پروف گاڑیوں میں اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اور عوام کو دہشت گردوں ،قاتلوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔ پنجاب میں رینجر کو برائے نام اختیارات دئیے گئے، رینجرز کا کام ناکہ بندی نہیں بلکہ دہشت گردی کے ٹھکانوں کو بند کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پی ٹی آئی کے رہنما و یوسی چیئرمین حاجی محمد افضل ورک کی صاحبزادوں کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما و سابق ضلع ناظم میاں لیاقت علی، چودھری اظہر محمود ورک، ملک جاوید اکبر و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جب بھی ملک کے اندر جلسے جلوسوں کا آغاز کرتی ہے تو بم دھماکے اور خودکش حملے شروع ہو جاتے ہیں، یہ پیپلزپارٹی کو سیاسی طور پر روکنے کی ایک منظم سازش ہے مگر ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے قربانی دیکر ملک وقوم کے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل تیزی کیساتھ جاری ہے جس کیلئے پہلی مرتبہ خود پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انٹرویو کر رہے ہیں۔ عنقریب لاہور ڈویژن کے اضلاع کے عہدیداروں کا بھی اعلان کر دیا جائیگا جس کی سفارشات پارٹی چیئرمین کو بھجوا دی گئی ہیں۔
ندیم چن