اٹلی:زلزلے سے ہلاکتیں 250 ہوگئیں 368زخمی کئی شہر ملبے کا ڈھیر بن گئے
روم +اسلام آباد (اے پی پی +آئی این پی+ آن لائن + رائٹرز) اٹلی کے وسطی حصوں میں بدھ کو آنے والے زلزلے سے ہلاکتیں بڑھ کر250 ہوگئیں جبکہ 368 زخمی ہو گئے جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے جبکہ کئی لوگ ملبے تلے دبے ہیں جن کی تلاش کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارنے نے ترک حکام کے حوالے سے بتایا کہ ملبے سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زندہ نکالنے کیلئے درجنوں امدادی اداروں کے کارکنوں نے امدادی سرگرمیاں رات کو بھی جاری رکھیں۔ متاثرہ علاقوں میں مقیم سینکڑوں افراد نے رات آفٹر شاکس کے خوف سے شدید سردی میں گھروں سے باہر خیموں میں گزاری۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اٹلی کی سول پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے ایٹی صوبہ میں190 اور ایسکولی پے سیفر صوبہ میں57 اموات کی تصدیق کی ہے۔ زلزلے سے شدید متاثرہ علاقے اما ٹرائس میں ہلاک ہونے والوں کی نعشیں کھیل کے میدان میں رکھی ہیں۔ مکینوں سے کہاگیا ہے کہ وہ فی الحال گھروں میں جانے سے گریز کریں جبکہ متاثرہ عمارتوں کے معائنے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ حکام نے زلزلے کو اٹلی میں2009ء کے بعد آنے والا شدید ترین زلزلہ قرار دیا ہے۔ اٹلی کے وزیرِ صحت کا کہنا تھا مرنے والے افراد میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم میتیو رینزی نے کہا ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں ہے۔انھوں نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورے میں وعدہ کیا کہ کسی خاندان، کسی شہر اور کسی گاؤں کو اس آفت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔وزیراعظم میتیو رینزی نے زلزلے کے بعد فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں رات کے وقت امدادی کارروائیاں شروع کرنے پر امدادی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔حکام کے مطابق سب سے زیادہ 86 ہلاکتیں اکومولی میں ہوئی ہیں جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو نامی گاؤں سے ہے جو زلزلے سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے امدادی کارکنوں نے پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دو لڑکوں کو ملبے سے زندہ بھی نکالا ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکے چارپائی کے نیچے چھپ کر زندگی بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔پیسکارا ڈیل ٹورنٹو گاؤں کے علاوہ اماٹریس نامی قصبہ بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوا ہے اور وہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے زلزلے سے ہلاکتوں پر اٹلی کی حکومت کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام افسوسناک سانحہ پر افسردہ ہیں، اٹلی کی حکومت اور عوام کے ساتھ مشکل وقت میں ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔