وینزویلا میں مظاہرے جاری، مزید 3 ہلاک، تعداد 23 ہو گئی
کراکس (اے پی پی) وینزویلا میں مظاہروں کے دوران مزید 3افراد ہلاک ہو گئے ۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ملکی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ یہ تینوں ہلاکتیں ملک کے مغربی حصے میں ہوئیں۔ جس سے سوشلسٹ صدر نکولس مادورو کے خلاف اپریل کے آغار سے شروع ہونے والے مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ حزب اختلاف نے ملک کی سڑکوں کی ناکہ بندی کرنے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ تیل کے ذخائر سے مالا مال یہ ملک گزشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ اپوزیشن صدر مادورو سے استعفٰی کا مطالبہ کر رہی ہے۔