بھارت:خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں ایک اور گرو گرفتار
نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں ایک اور ریپ گرو سامنے آگیا،مغربی ریاست راجھستان میں پولیس نے 21 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنانے کے الزام میں معروف مذہبی پیشوا کو گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس آفیسر جے سنگھ نتھاوت کا کہنا تھا کہ 70 سالہ کاوشندرا پرنچاری فالاہری مہاراجہ کے پیروکار اور متاثرہ خاتون کے والدین نے شکایت درج کرائی کہ گرو نے 7 اگست کو راجھستان کے علاقے الوار میں قائم ہیڈکوارٹر میں ان کی بیٹی کو ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اسے گرو نے خبردار کیا تھا کہ وہ کسی کو مذکورہ واقعے کے حوالے سے نہیں بتائے گی لیکن خاتون نے ارمیت رام رحیم سنگھ کو ریپ کے الزام میں دی جانے والی 20 سال قید کی سزا پر خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا۔پولیس نے خاتون کی شکایت پر گرو کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا عدالت نے پولیس کو 15 دن میں کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کو جیل بھیج دیا۔