بھارت خطے میں دہشت گردی کی ماں، معاونت بند کرے : پاکستان
نیویارک/ لندن (آن لائن+ آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پاکستان پر دہشت گرد برآمد کرنے کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے بھارت کو جنوبیایشیا میں دہشت گردی کی ماں اور سرپرست اعلیٰ ریاست قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو کرارا جواب دیتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سب سے بڑی منافقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف بہتان تراشی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے کیونکہ مذاکرات کیلئے پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ کامیاب مذاکرات کیلئے بھارت کو دہشت گردی کی پالیسی ترک کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت بند کرنی ہو گی۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضہ غیر قانونی ہے اور وادی میں بھارتی جرائم کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے انکار دھوکا اور کھلی جارحیت ہے۔ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں بھارتی ہاتھ کے ملوث ہونے کے حوالے سے پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو ریاستی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے اور حال ہی میں بلوچستان میں پکڑے گئے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے بھی پاکستان میں دہشت گردی کروانے اوراسکی معاونت اور جاسوسی کا اعتراف کیا تھا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح پر تنقید کرنیوالوں کے ہاتھ گجرات میں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔ ملیحہ لودھی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو سیز فائر کی خلاف ورزی سے روکے۔ بھارت نے اپنے ہر پڑوسی سے جنگیں لڑیں اور بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت بند کرے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں لیکن بھارت نے اس پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نرنیدر مودی خود بھی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث تھے۔ دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں تو جمہوریت کی بات کرتا ہے لیکن اسکی مسلح افواج قتل و غارت اور دوسرے ملکوں میں دہشت گردی میں سب سے آگے ہیں ۔ افغانستان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں پیش پیش ہے ہم نے دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کردیا ہے۔ بھارت دوسرے ملکوں میں دہشت گردی، قتل و غارت برآمد کرتا ہے۔ دریں اثناءپاکستان نے اقوام عالم کو خبردار کیا ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے میں امن و سلامتی کیلئے بہت بڑا خطرہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا بھارت خطے میں جارحیت کو ہوا دے رہا ہے جو کہ بہت بڑے خطرے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا‘ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور دو شہری زخمی ہو گئے۔ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔