پاکستان میں پولیو کے تیزی سے بڑھنے پر بھارت کی مکمل تعاون کی پیشکش

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے پاکستان میں پولیو کے تیزی سے بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے کےلئے پاکستان کو مکمل تعاون کی پیشکش کر دی۔ گذشتہ روز وزیر صحت ہارش وردھان نے کہا کہ اس سے پہلے دونوں ممالک کی جانب سے پولیو کے خاتمے کےلئے مشترکہ تعاون میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ پاکستان نے بھی پولیو کے خلاف اقدامات اٹھائے تاہم یہی مہم جب بھارت میں چلائی گئی تو ملک سے پولیو مکمل طور پر ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی پولیو کیخلاف حکمت عملی کا مکمل جائزہ لیا اس کا سکرپٹ مکمل ہے۔ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کےلئے نچلی سطح پر مانیٹرنگ سیل قائم کئے ہیں، وہ سماجی گروپوں کو بھی شامل کرنے کےلئے کوششیں کر رہا ہے تاہم اس حکمت عملی نے بھارت میں حیران کن کام کیا ہے۔ وزارت صحت کے بیان کے مطابق پاکستان میں دنیا بھر کے 85 فیصد پولیو کیسز پاکستان میں ہیں جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔