مصر : فوجی کیمپ اور چوکی پر حملے‘ 29 سیکورٹی اہلکار ہلاک‘ 28 زخمی

مصر : فوجی کیمپ اور چوکی پر حملے‘ 29 سیکورٹی اہلکار ہلاک‘ 28 زخمی

قاہرہ ( اے ایف پی + رائٹر + آن لائن) مصر کے جریزہ نما شہر سینا میں فوجی کیمپ اور چوکی پر دو حملوں میں 29 سکیورٹی اہلکار ہلاک 28 زخمی ہوگئے ۔ سابق صدر محمد مرسی کی معزول کے بعد یہ تشدد کا بدترین واقعہ ہے ۔ شمال مغربی علاقے خارویہ میں فوجی کیمپ پر کار بم حملہ کیا گیا جس میں 26 سکیورٹی اہلکار نشانہ بن گئے ۔ یہ علاقہ غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ چھ گھنٹے بعد مسلح افراد نے چوکی پر فائرنگ کرکے سکیورٹی فورسز کے تین ارکان کو ہلاک کر دیا ۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں ۔ آن لائن کے مطابق چیک پوائنٹ پر فوج کی دو بکتر بند گاڑیوں کو بارود سے بھری کار سے نشانہ بنایا گیا۔ صدر السیسی نے صورتحال پر غور کیلئے قاہرہ میں قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ مصر میں حملوں میں انصار بیت المقدس سب سے نمایاں ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ سینا میں حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کیلئے پر امن مصر کی ضرورت ہے۔