تنازعہ کشمیر تمام مسائل کی جڑ، کشمیریوں کی تحریک جائز، مذاکرات کیلئے پیشگی شرائط پر یقین نہیں رکھتے: عبدالباسط
نئی دہلی (این این آئی) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہمارے تمام مسائل کی جڑ ہے ¾ ہمیں اس مسئلے کے حل سے دور نہیں بھاگنا نہیں چاہیے ¾بات چیت کےلئے پیشگی شرائط پر یقین نہیں رکھتے ¾ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں یادیو کے ملوث ہونے میں ذرہ برابر بھی شک نہیں ¾پاکستان کی پوزیشن کلبھوشن کیس میں نہایت مضبوط ہے ¾مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک جائز ہے ¾ پاکستان کی حمایت سے ماحول میں کوئی بگاڑ پیدا نہیں ہوگا ¾ پاکستان نتیجہ خیز دو طرفہ بات چیت کے خلاف نہیں ¾ افغانستان میں امن و استحکام ہمارے ملک میں امن و استحکام کےلئے اہم ہے ¾بد قسمتی سے پاکستان کو غیر مستحکم کر نے کی کوشش افغانستان کے ذریعے کی گئی ہے ¾امید ہے افغان سرزمین پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ پاک بھارت مذاکرات شروع کر نے کے حوالے سے سوال پر عبد الباسط نے کہاکہ سب سے پہلے تو ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ مسئلہ کشمیر ہمارے تمام مسائل کی جڑ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب تک ہم اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کریں گے تو اس خطے میں امن کو قائم رکھنا مشکل ہوجائےگا ہمیں اس مسئلے کے حل سے دور نہیں بھاگنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو کبھی نہ کبھی مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا۔ میں اس چیز کا قائل نہیں ہوں کہ ہم ہمیشہ دشمن بن کر رہیں۔بھارتی جاسوس کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے کے حوالے سے سوال پر پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف(آئی سی جے) نے اپنے عبوری فیصلے میں عدالت کے مقدمہ سننے کے اختیارا پر بات کی لہٰذا قونصلر رسائی کے معاملے پر کوئی حکم نہیں دیا گیا۔ آئی سی جے نے واضح کردیا تھا کہ اس عبوری فیصلے سے حتمی نتیجے پر کوئی اثر نہیں پڑےگا ¾ ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کمانڈر یادیو ایک عام بھارتی شہری نہیں ہے ¾اسے تخریب کاری، دہشت گردی اور بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔کلبھوشن کے حوالے سے ٹھوس ثبوت پیش کر نے کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ جی ہاں! ہم اس پر غور کر رہے ہیں، میں یہاں ملکی حکمت عملی کا ذکر نہیں کروں گا تاہم ہمیں پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں یادیو کے ملوث ہونے میں ذرہ برابر بھی شک نہیں ہے ¾پاکستان کی پوزیشن کلبھوشن کیس میں نہایت مضبوط ہے۔بھارتی صنعتکار سجن جندال کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال پر پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ سجن جندال وزیر اعظم نواز شریف سے ملنے کےلئے پاکستان گئے تھے ¾وہ دونوں ایک دوسرے کو کافی برسوں سے جانتے ہیں لہٰذا اس دورے میں کچھ بھی سرکاری نہیں تھا۔ بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی بارے سوال پر پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ یہ محض الزامات ہیں ¾ پاکستانی فوج ایک پیشہ ور اور دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے ¾ہم ایسے کاموں میں ملوث نہیں ہیں اور جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو پاکستان کی جانب سے کبھی بھی بھارتی فوجیوں کا سر قلم نہیں کیا گیا۔