ڈرون حملوں کا کنٹرول پینٹاگون کے حوالے، اوباما نے دستخط کر دیئے

ڈرون حملوں کا کنٹرول پینٹاگون کے حوالے، اوباما نے دستخط کر دیئے

واشنگٹن (ثناءنیوز) امریکہ کے صدر بارک اوباما نے ڈرون حملوں کے بارے میں صدارتی رہنما اصولوں پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔ جن کے تحت اب ڈرون حملوں کا کنٹرول خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) سے لے کر پینٹاگون کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پاکستان میں البتہ ان حملوں کا کنٹرول بدستور سی آئی اے کے پاس رہے گا۔ڈرون حملوں سے متعلق امریکی انتظامیہ کی نئی پالیسی میں ان وجوہات کو بتایا گیا ہے جن کے تحت جنگی علاقوں کے علاوہ جیسا کہ پاکستان، یمن اور صومالیہ میں ڈرون حملوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔اس پالیسی کا ایک خاکہ میڈیا کو جاری کیا گیا جس میں انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس کی ترجیح ہو گی کہ وہ دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کو پکڑے اور ڈرون حملے اس وقت کیے جائیں گے جب امریکہ کو فوری کوئی خطرہ لاحق ہو۔اس کے علاوہ انتظامیہ نے ایک معیار بھی ترتیب دیا ہے جس کے تحت ڈرون حملوں کی منظوری دی جائے گی۔یہ حد درجے تک یقینی ہو کہ ہدف موجود ہے، اسے گرفتار کرنا ممکن نہیں ہے، کوئی عام شہری زخمی یا مارا نہیں جائے گا۔