بھارت کو ہمسایہ ممالک سے شدید خطرات لاحق ہیں‘ فراموش نہیں کیا جا سکتا: منموہن

بھارت کو ہمسایہ ممالک سے شدید خطرات لاحق ہیں‘ فراموش نہیں کیا جا سکتا: منموہن

نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے ہمسایہ ممالک سے شدید خطرات لاحق ہیں‘ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مضبوط دفاعی نظام اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے‘ ہمسایہ ملکوں میں دفاعی صورتحال کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں‘ سرحدیں کئی ملکوں سے ملتی ہیں اور خطرات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا‘ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہونا ہو گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق من موہن سنگھ نے پاکستان اور چین کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ بھارت کو اپنے ہمسایہ ممالک سے شدید خطرات لاحق ہیں جس سے نمٹنے کیلئے مضبوط دفاعی نظام اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہمسایہ ملکوں سے بھارت کو روایتی اور غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے کارگر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ چیلنجوں کا تب ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی دفاعی صورتحال اس وقت جتنی مضبوط اور مستحکم ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔