شمالی کوریا نے سیٹلائٹ تجربہ کرنے کا اعلان کر دیا

پیانگ یانگ (اے ایف پی) شمالی کوریا نے خلا میں ایک مواصلاتی سیٹلائٹ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیانگ یانگ سیٹلائٹ کے نام پر دُورمار میزائل کا تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا ہوا تو عالمی سلامتی مزید خطرے میں پڑ جائیگی۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ابھی گذشتہ دنوں ہی جنوبی کوریا کے دورے کے دوران شمالی کوریا پر زور دیا تھا کہ وہ اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرے۔ ادھر جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ سیٹلائٹ کا تجربہ کرے یا میزائل کا‘ یہ دونوں ہی خطرناک ہیں اور نیا تجربہ کیا گیا تو نئی پابندیاں بھی لگائی جائیں گی۔ جنوبی کوریا کے ادارہ برائے دفاعی امور کے سربراہ تائے وُو کم کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ پیانگ یانگ کتنے عرصے سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔