جوہری عدم پھیلائوپر دوہرا معیار ترک نیوکلئیر سپلائرز گروپ کی رکنیت دی جائے :پاکستان
نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ جوہری ٹیکنالوجی کے عدم پھیلاؤ پر دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا،تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاؤ پر ایک ساتھ کام کرنا ہو گا،پاکستان جوہری عدم پھیلائو کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کررہا ہے، پاکستان کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلامتی کونسل کے زیر اہتمام ایک مباحثے سے خطاب میں کیا۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ جوہری ٹیکنالوجی کے عدم پھیلائو پر مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلائو ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں پر کامیابی سے عمل پیرا ہے اور اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھارہا ہے۔انہوں نے بتایا پاکستان نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کے لیے ایک موثر اور جامع نظام اپنا رکھا ہے اور پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں کے مزید تجربات پر از خود پابندی اپنا رکھی ہے اور امید رکھتے ہیں کہ بھارت بھی ایسا ہی کرے گا،جوہری ٹیکنالوجی کے عدم پھیلاؤ پر دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا۔ ملیحہ لودھی نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ پاکستان کا ریکارڈ اسے اہل بناتا ہے کہ اسے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن بنایا جائے۔