’’سٹیٹس کو‘‘ ختم کرنے کیلئے ایماندار فوجیوں کا گروپ آجائے: الطاف
لندن (آئی این پی + نیٹ نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی مزید تفصیلات کے مطابق الطاف حسین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’سٹیٹس کو‘‘ ختم کرنے کیلئے حل یہ ہے ایماندار فوجیوں کا ایک گروپ آجائے۔ عمران خان، طاہر القادری اور حکومت ایک دوسرے کو فیس سیونگ دیں،معاملہ صرف فریقین کا نہیں، ان لوگوں کا ہے جو کئی روز سے کھلے آسمان تلے دھرنوں کی صورت میں موجود ہیں۔ فریقین کو معاملے کو حل کرنے کیلئے کسی نہ کسی کو جج بنانا ہوگا اور میری نظر میں چوہدری سرور بطور ثالث بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا میں سمجھتا ہوں حالات کا تقاضہ ہے جب افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں تو تمام سیاسی قوتوں کو اپنے اختلافات بھلا کر ملک کے مفاد میں اپنی تمام توجہ آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کی جانب مبذول کریں۔ انکا کہنا تھا کہ میں عمران خان اور طاہر القادری کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور مل بیٹھ کر تمام معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ غربت اور دہشت گردی جیسے اصل مسائل کے حل کی جانب بڑھا جاسکے۔