مقبوضہ جموں و کشمیر , ایک اور کشمیری نوجوان شہید, بھارتی آئین کے مطابق کشمیر کا معاملہ حل نہیں ہوسکتا: علی گیلانی
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کے باعث سڑکوں پر ویرانہ چھایا ہوا ہے، سرینگر سمیت تمام اضلاع پر قابض فوج اور پولیس کا راج ہے، جدید ہتھیاروں سے لیس بھارتی دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں.
بھارتی فوج نے دہشتگردی کی انتہا کر رکھی ہے، کپواڑا میں جعلی مقابلے کے دوران مزید ایک کشمیری کوشہید کردیا گیا، بھارتی انتہا پسندوں نے بارہمولا کے گاؤں تنگ مارگ میں متعدد دکانیں جلا دیں، دوسری طرف نہتے کشمیری ظلم و بربریت کے باوجوداپنا حق مانگنے سڑکوں پر نکل رہے ہیں.
بھارتی فوج نے ملازمین کی جوائٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو گرفتار کر کے بارہمولا اور کپوارا کی سب جیل میں منقل کردیا گیا، حریت رہنما یاسین ملک کی حالت بدستور تشویشناک ہے، ان کے دائیں بازو میں غلط انجیکشن کے باعث شدید انفیکشن پھیل چکا ہے۔ بزرگ رہنما علی گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی مسئلہ ہے، اسے بھارتی آئین کے مطابق حل نہیں کیا جاسکتا. مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے تنگ ایک فوجی افسر نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی، دوہزار سات سے اب تک تین سو ستر بھارتی فوجی افسر خودکشی کر چکے ہیں.