داعش کے جنگجوئوں سے لڑنا بڑا چیلنج ہے: امریکی وزارت خارجہ
واشنگٹن ( آئی این پی ) امریکہ نے کہا ہے کہ داعش کے جنگجوؤں سے لڑنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہفتہ کو امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شام کی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق شامی فوج نے التانف چوکی کو خالی کر دیا ہے ۔ داعش کے جنگجوؤں کا شام کے پچانوے ہزار مربع کلومیٹر سے زائد علاقے پر قبضہ ہے جو کہ ملک کی مجموعی علاقے کا پچاس فیصد ہے جبکہ ہا ساکع، حلب، حمص اور حما میں بڑی تعداد میں جنگجو موجود ہیں۔ادھر امریکہ ہتھیاروں کی ایک کھیپ آئندہ ہفتے عراقی حکومت کے حوالے کریگاجس کا مقصد شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ کے بڑھتے ہوئے کار بم دھماکوں کے موثر استعمال کی روک تھام میں عراقی فوج کی مدد کرناہے۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے واشنگٹن میں ایک بیان میں کہا کہ امریکہ نے اپریل میں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے دورہ امریکہ کے بعد عراق کو فوری طور پر اسلحہ کی کھیپ فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا تاکہ انتہا پسندوں کیخلاف لڑائی میں مزید مدد دی جاسکے۔