صومالیہ : باغیوں کا صدارتی محل پر حملہ‘ 17 شہری ہلاک‘ 30 زخمی

موغادیشو (اے ایف پی) صومالیہ میں القاعدہ سے متاثر تنظیم شباب کے باغیوں نے گزشتہ رات صدارتی محل پر حملہ کر دیا جس کے بعد سرکاری فورسز کے ساتھ شدید لڑائی شروع ہو گئی۔ حکام اور عینی شاہدین کے مطابق اس لڑائی کے نتیجے میں 17شہری مارے گئے۔ باغیوں نے صدارتی محل پر حملہ اس وقت کیا جب صدر شریف شیخ احمد ایک کانفرنس میں شرکت کےلئے ترکی گئے ہوئے ہیں۔ مارٹر گولے صدارتی محل کے قریب جبکہ متعدد آبادی پر جا گرے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں شباب جنگجووں کیخلاف کارروائیی میں سرکاری فوج کو افریقی یونین کے دستوں کی مدد بھی حاصل تھی۔ موغا دیشو کی ایمبولینس سروس کے سربراہ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں باغیوں اور سرکاری فوجوں کے درمیان مارٹر فائر کے نتیجے میں تین شہری ہلاک اور 30زخمی ہو گئے۔