تھائی لینڈ میں جلد انتخابات کا اعلان‘ تعلیمی ادارے‘ سرکاری دفاتر آج کھل جائیں گے

بنکاک (اے ایف پی) تھائی لینڈ میں وزیراعظم نے رات کے کرفیو میں توسیع اور جلد انتخابات کا اعلان کردیا۔ بنکاک میں زندگی معمول پر آنے لگی۔ تھائی لینڈ میں سرخ پوشوں کا احتجاج ختم ہونے کے بعد زندگی آہستہ آہستہ معمول کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ریل سروس بحال ہوگئی ہے اور پیر کے روز سے بنکاک کے کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بھی کھل جائیں گے۔ وزیراعظم ابھیسیت وے جا جیوا نے کہا ہے کہ بنکاک میں مزید دو راتوں تک کرفیو برقرار رہے گا۔ وزیراعظم نے رات گیارہ بجے سے صبح چار بجے تک کرفیو کے نفاذ کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ ملک کو مزید خون خرابے سے بچانے کیلئے جلد اور شفاف انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہروں میں چوون افراد ہلاک اور چار سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔