افغانستان : بم دھماکے‘ حملوں میں 2 اتحادیوں فوجیوں‘ ضلعی پولیس سربراہ سمیت 10 ہلاک

کابل (اے ایف پی) افغانستان میں بم دھماکہ اور حملوں میں 2 اتحادی فوجیوں اور ضلعی پولیس سربراہ سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ غزنی میں طالبان کے حملے میں ضلع اندر کا پولیس سربراہ پٹنگ ہلاک ہو گیا۔ ادھر کپیا میں بارودی سرنگ دھماکے سے 5 شہری جاںبحق ہو گئے۔ جنوبی افغانستان میں طالبان کے حملے میں 2 اتحادی اور 2 افعان فوجی ہلاک ہو گئے۔ دریں اثناءافغانستان میں امن جرگہ 2 جون کو شروع ہوگا اور 4 جون تک جاری رہے گا۔ جرگے میں مندوبین طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تجاویز پیش کرینگے۔ ادھر طالبان نے اتوار کے روز جنوبی افغانستان میں نیٹو کے سب سے بڑے مرکز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عسکریت پسندوں نے ہفتے کو دیر گئے کئے جانے والے اس حملے میں قندھار ایئر فیلڈ پر راکٹ اور مارٹر گولے داغے اور مرکز کے شمالی حفاظتی جنگلے کو تباہ کرنے کی ناکام کوشش کی۔ نیٹو کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ اس حملے میں کئی اتحادی فوجی اور سویلین اہلکار زخمی ہوئے لیکن کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ طالبان کے ایک ترجمان نے کہا کہ جنگجوﺅں نے مرکز پر دو اطراف سے حملہ کیا اور 15 سے زیادہ راکٹ داغے۔ ایک ہفتے سے بھی کم مدت میں افغانستان میں کسی فوجی تنصیب پر کیا جانے والا اس طرح کا یہ دوسرا حملہ ہے۔