پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کیے جائیں گے: نامزد امریکی سفیر

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) پاکستان کیلئے نامزد امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تصدیق کرنے والے کانگریس کے پینل کو کہا ہے کہ وہ واشنگٹن اور اسلام آباد میں تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہیل رچرڈ اولسن کی جگہ لیں گے وہ اس سے قبل مشرق وسطیٰ میں سفارتکار کے طور پر کام کر چکے ہیں، انہیں 10مارچ کو پاکستان کیلئے سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، انہوں نے کہا امریکی قومی سلامتی کے مفادات کے حصول کیلئے پاکستان سٹریٹجک طور پر اہم ملک ہے، انہوں نے سینٹ کی فارن ریلیشن کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی عسکریت پسندی سے نمٹنے کی صلاحیت اور وہاں جمہوری اداروں کی مضبوطی سے ہمارا مضبوط تعلق ہے، انہوں نے کہا پاکستان میں امریکہ کے چار اہم مفادات ہیں، القاعدہ اور عسکریت پسندی کو شکست دینا، جوہری ہتھیاروں کا عدم پھیلائو، انسانی حقوق کی فراہمی پر مبنی سیاسی ومعاشی استحکام اور علاقائی استحکام جس میں پاکستان کے افغانستان اور بھارت سے تعلقات بھی شامل ہیں، ان تمام محاذوں پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔