ہلیری کلنٹن کا 2016ءمیں صدارتیالیکشن میں حصہ لینے کی توقع کا اظہار

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کی سابقہ وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے 2016ءمیں صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی میں ایک خاتون کو امریکہ کی صدر دیکھنا چاہتی ہوں۔ وہ کینیڈا میں ایک تقریب میں سامعین سے گفتگو کر رہی تھیں۔ ٹورنٹو میں سامعین کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ میں 2016ءمیں جو صدارتی الیکشن ہوں گے، اس میں حصہ لے سکتی ہوں کیونکہ میری خواہش ہے کہ وائٹ ہاﺅس میں ایک خاتون بھی صدارتی منصب تک پہنچے۔ یہ معاملہ سیاسی حوالے سے مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب دیکھنا یہ ہے کہ خواتین اس سلسلہ میں کیا کردار اداکرتی ہیں۔ ہلیری کلنٹن کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے، وہ 4 سال تک امریکہ کی وزیرخارجہ رہ چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے شوہر سابق صدر بل کلنٹن بھی اس سلسلہ میں کوششوں میں مصروف ہیں کہ ان کی اہلیہ کو صدارتی امیدوار کے طور پر سامنے لایا جائے۔