سنوڈن ہانگ کانگ سے روس پہنچ گئے، ایکوا ڈور سے سیاسی پناہ کی درخواست

واشنگٹن، ماسکو (بی بی سی+ نیوز ایجنسیاں / نوائے وقت رپورٹ) امریکی حکومت کو مطلوب سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن ہانگ کانگ سے ماسکو پہنچ گئے۔ یاد رہے کہ امریکی حکام نے ان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے بعد ہانگ کانگ سے اہلکار کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ ہانگ کانگ میں حکومتی بیان میں کہا گیا کہ ایڈورڈ سنوڈن نے اپنی مرضی سے قانونی طریقے سے ملک چھوڑا ہے۔ ایڈورڈ نے برطانوی اخبار کو بتایا تھا کہ امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی بڑے پیمانے پر فون اور انٹرنیٹ کی نگرانی کر رہی ہے۔ اس کے بعد وہ بیس مئی کو ہانگ کانگ چلے گئے تھے۔ کیا ایڈورڈ سنوڈن روس میں ہی رہیں گے یا پھر کسی اور ملک کی جانب سے روانہ ہو جائیں گے۔ دیگر ممالک کے حوالے سے ایکواڈور اور آئس لینڈ کے نام سامنے آئے ہیں۔ ادھر سنوڈن نے ایکواڈور کو سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔ ایکوا ڈور کے وزیر خارجہ نے تصدیق کر دی ہے۔ قبل ازیں امریکہ نے ہانگ کانگ سے سنوڈن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔دریں اثناءامریکی حکومت نے قومی سلامتی کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈین کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا۔ وزیر خارجہ ایکواڈور کے مطابق سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ سنوڈین نے ایکوا ڈور میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے۔