سعودی عرب: صحرا میں قطر کا جوڑا راستہ بھول گیا، پیاس سے موت کا شکار

لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) سعودی عرب کے تپتے وسیع جنوبی ریگستان میں ایک جوڑا راستہ بھول گیا اور پیاس سے ان کی موت ہو گئی۔ یہ جوڑا قطر کا رہنا والا تھا اور ان کی گمشدگی کی خبر ان کے ایک رشتہ دار نے پولیس کو دی۔ سکیورٹی فورسز نے ان کو تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن کیا لیکن وہ ان کو اس وقت ڈھونڈ پائے جب دونوں کی موت ہو چکی تھی۔ سکیورٹی فورسز کو خاتون کی لاش گاڑی کے پاس سے ملی جبکہ اس کے شوہر کی لاش دس کلومیٹر دور سے برآمد ہوئی۔ ان دنوں سعودی عرب کے اس صحرا کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے قطر کے اس جوڑے کی اس صحرا میں جائیداد تھی اور وہیں سے یہ دونوں واپس آ رہے تھے۔