بھارت : طوفانی بارشیں اور سیلاب سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 5ہزار ہو گئی

نیو دہلی(ثناءنیوز،نیوز ایجنسیاں)بھارت میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 5000ہو گئی۔ بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ کے وزیراعلی نے کہا ہے کہ ریاست میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔دریں اثنا بھارت کی مرکزی حکومت نے اتراکھنڈ کی تباہی کو قومی بحران قرار دیا ہے۔اتوار کی صبح خراب موسم اور بارش کی وجہ سے حکام نے 6 سو سے زیادہ ہلاکتوں کی اب تک تصدیق کر دی ہے اور ان کا خیال ہے کہ ابھی بھی 40 ہزار سے زیادہ افراد اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس علاقے کے بارے میں طویل مدتی تعمیر نو کا پروگرام تیار کر رہی ہے لیکن فی الفور ترجیح پھنسے ہوئے لوگوں تک امداد پہنچانا ہے جو شدید موسم اور خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ایک ہزار کڑور کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں بارش کی پیش گوئی کی جارہی ہے امدادی کارروائیوں میں ٹیموں کی کمی آڑے آ رہی ہے۔ ڈاکٹروں کو پہاڑی علاقوں کی جانب ضرورت مندوں کی امداد کے لئے روانہ کیا جا رہا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ گزشتہ 60 برسوں کے ریکارڈ کے مطابق اس سال مون سون کے شروع میں ہونے والی بارشیں سب سے زیادہ ہیں۔ ریاست کے وزیراعلیٰ وجے بہوگنا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کے مارے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔