افغانستان: اتحادی فوج کا فضائی حملہ، 34 طالبان شہید کرنے کادعویٰ

کابل (اے پی پی)افغانستان میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں 34 طالبان شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ افغانستان میں اتحادی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ صوبہ پکتیا میں سرحدی چیک پوسٹ کے قریب طالبان جنگجو حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی اتحادی فوج نے طالبان پر فضائی حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں 34 طالبان شہید ہوگئے جبکہ 3 طالبان جنگجوﺅں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ طالبان ترجمان نے پکتیا میں اتحادی فوج کے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ حملے میں صرف 6 جنگجو شہید ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان اور امریکہ میں مذاکرات کیلئے فضا سازگار ہونے کے باوجود دونوں اطراف سے حملوں کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے۔ اتحادی افواج اور طالبان کو بھاری جانی نقصان کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود امن مذاکرات کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔