مسلمان امریکی معاشرے کا حصہ ہیں، مذہب کے نام پر کسی کو نشانہ نہیں بنایا جاتا: ایف بی آئی
واشنگٹن (آن لائن) امریکی تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ رنگ اور نسل کی تفریق کے بغیر تمام امریکی شہریوں کی حفاظت کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، مذہب کے نام پر کسی گروپ یا شخص کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، مسلمان امریکی معاشرے کا اہم حصہ ہیں، چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مسلم نوجوان قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شامل ہوں۔ ایک انٹرویو میں ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پال کا کہنا تھا کہ امریکہ میں امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ کسی مذہب، قوم یا گروہ کی تفریق کے بغیر امریکی کمیونٹیز اور شہریوں کی حفاظت کرنا فرائض میں شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم پر خصوصی نظر رکھتے ہیں۔ مسلم کمیونٹی امریکی معاشرے کا اہم حصہ ہے، کسی کو بھی یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ کسی مسلمان شہری کے خلاف کسی جرم کا ارتکاب کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی کی جانب سے مذہب کے نام پر کسی شخص یا گروپ کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی امتیازی کارروائی کی جاتی ہے، مسلمانوں کے خلاف جرائم کرنے والے افراد کو قانون کے سامنے لا کھڑا کریں گے۔ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے مطابق مسلم کمیونٹی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ امریکہ کے مسلمان پرامن شہری اور باصلاحیت لوگ ہیں۔