نائیجیریا میں مسلم کش فسادات: مزید 150 لاشیں برآمد‘60لاپتہ

کوراو کرما (اے پی پی) نائیجیریا میں مذہبی فسادات کے خاتمے کے بعد کنوﺅں سے 150 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔جبکہ 60افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ نائیجیریا میں کئی روز تک جاری رہنے والے مسلم عیسائی فسادات میں 450 کے قریب افراد مارے گئے تاہم مسلم ایڈ ٹیم کے مطابق انہیں فسادات کے مرکز وسطی نائیجیریا کے گاﺅں کورو کراما جوکہ ریاستی دارالحکومت جوز سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے‘ کے کنوﺅں سے 150افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ یہ لاشیں اس قدر گل سڑ چکی ہیں کہ وہ کنوﺅں سے باہر نکالنے کے عمل کے دوران ریزہ ریزہ ہوتی رہیں۔ ٹیم کے مطابق ان افراد کو فسادات کے دوران کنوﺅں میں پھینکا گیا۔ اس وقت جوز اور ملحقہ علاقوں میں نائیجیریا کی ہزاروں کی تعداد میں فوج گشت میں ہے جبکہ تلاشی کی کارروائیوں کے لئے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کردی گئیں۔