امریکی نائب صدر انتخابات پر اختلافات ختم کرانے کےلئے عراق پہنچ گئے

بغداد (اے پی پی) عراقی وزیراعظم نورالمالکی سے امریکہ کے نائب صدرجوبائیڈن نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سیکورٹی صورتحال اور بعث پارٹی کے امیدواروں پر الیکشں لڑنے کی پابندی سے پیدا ہونے والے تنازعہ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ حکومتی ترجمان علی الدباغ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ انصاف اور احتساب عراق کا اندرونی مسئلہ ہے اور اس میں غیرملکی کرداراورنہ ہی مداخلت کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ عراق میں پارلیمانی انتخابات سات مارچ کو ہورہے ہیں اورگزشتہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صدام حسین کی بعث پارٹی کے مبینہ رابطوں پرسینکڑوں امیدواروں پرپابندی کے فیصلے سے امریکہ اور اتحادیوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی ہے ۔ امریکہ کاخیال ہے کہ سنی امیدواروں پرپابندی سے ملک میں ایک بار پھر فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑینگے۔